اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ایک مرتبہ پھر خطے کی سالمیت اور سیکیورٹی کے حوالے سے اپنے خدشات کو دہرایا ہے جبکہ بھارت میں موجود پاکستانی ہائی کمیشن کے 2 اہلکاروں کو جاسوسی کا الزام لگا کر وطن واپس بھیج دیا گیا جس سے دونوں جوہری ریاستوں کے درمیان تناؤ میں اضافہ ہورہا ہے۔دفتر وزیراعظم سے جاری بیان کے مطابق عمران خان نے اطالوی ہم منصب گوئیسپ کونٹے سے ٹیلی فون کال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت کی پالسیز سنگین طور پر جنوبی ایشیا کے امن اور استحکام کے لیے خطرہ بن رہی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بھارت اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور چوتھے جنیوا کنویشن سمیت بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مقبوضہ وادی میں آبادی کے تناسب میں تبدیلی کررہا ہے۔وزیر اعظم نے اطالوی ہم منصب کو ترقی پذیر ممالک کے لیے ”قرضوں میں ریلیف سے متعلق عالمی اقدام“ کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور کہا کہ معیشتوں کو مستحکم کرنے کیلئے جامع پلان آف ایکشن وضع کرنے کی ضرورت ہے۔
