لبنانی اداکارہ نادین نسیب نجیم نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں انکشاف کیا ہے کہ 4 اگست کو بیروت میں ہونے والے زور دار دھماکے کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوئیں اور ان کی 6 گھنٹے طویل سرجری بھی ہوئی۔ خیال رہے کہ 4 اگست کو مشرق وسطیٰ کے ملک لبنان کے دارالحکومت بیروت میں ہونے والے دھماکے سے ہلاکتوں کی تعداد 157 تک جا پہنچی ہے جکہ زخمیوں کی تعداد 5 ہزار سے زائد ہوچکی ہے۔ دھماکا بیروت کی بندرگاہ میں ہوا تھا اور اس سے بندرگاہ کے قریبی علاقوں کو بھی شدید نقصان پہنچا تھا جس کا تخمینہ تقریبا 5 ارب ڈالر لگایا جا رہا ہے۔ بیروت میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں درجنوں عمارتیں منہدم ہوگئیں، درجنوں گاڑیاں اور دیگر تنصیبات بھی شدید متاثر ہوئیں۔ دھماکا اس قدر شدید تھا کہ ان کی آوازیں پڑوسی ملک اسرائیل کے شہر قبرص تک سنی گئیں اور اسے ہیروشیما اور ناگاساکی کے دھماکوں کے بعد بدترین دھماکا قرار دیا جارہا ہے۔ بیروت میں ہونے والے دھماکے میں جہاں ہزاروں افراد زخمی ہوئے ان میں لبنانی اداکارہ بھی شامل تھیں اور وہ شدید زخمی بھی ہوئیں۔ عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے سے متعلق اداکارہ نادین نسیب نجیم نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا کہ ‘میرا آدھا چہرہ اور آدھا جسم خون میں ڈوبا ہوا تھا’۔ اداکارہ نے لکھا کہ میں سب سے پہلے اللہ کا شکر ادا کرتی ہوں جس نے میری زندگی بچائی، دھماکا بہت قریب ہوا تھا اور جو مناظر آپ دیکھ رہے ہیں ان سے درست اندازہ نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے مزید لکھا کہ اگر آپ میرے گھر آئیں اور ہر جگہ خون دیکھیں تو حیران رہ جائیں گے کہ ہم ابھی تک کیسے تک زندہ ہیں۔ لبنانی اداکارہ کی جانب سے شیئر کیے گئے ویڈیو کلپ میں ان کے گھر میں ٹوٹے ہوئے شیشے، دیواروں میں دراڑیں پڑی تھیں اور ٹوٹا ہوا فرنیچر ہر جگہ موجود تھا۔
