کوئٹہ( اسٹاف رپورٹر+ نمائندگان+ نیوز ایجنسیاں)پشین میں گیس سلنڈر پھٹنے سے چھ افراد زخمی ہوگئے ، پنجگور سے ایک شخص کی نعش برآمد ، نوشکی میں دو گروپوں میں تصادم میں دو افراد زخمی ہوگئے ۔مستونگ پولیس نے تین افراد کو گرفتار کرکے مسروقہ سامان برآمد کرلیا ۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق جمعہ کی شب بلوچستان کے ضلع پشین میں واقع ایک ہوٹل میں گیس سلنڈر پھٹنے سے احسان، ثنا اللہ، اسماعیل، شبیر احمد، کمال، بشیر احمد زخمی ہوگئے ہیں جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا ۔ پولیس کے مطابق پنجگور کے علاقے گرمکان میں خالی مکاں سے باسط ولد لقمان نامی شخص کی لاش برآمد کرکے ضابطہ کی کاروائی کے بعد نعش ورثاءکے حوالے کردی گئی واقعہ سے متعلق تحقیقات کی جارہی ہے ۔ جمعہ کے روز نوشکی کے علاقے کلی قادر آباد میں دو گروپوں میں تصادم کے نتیجے میں ثناءاللہ ولد یار محمد اور حمد اللہ ولد محمد جان ساکنان کلی محمد نور کسانکوری شدید زخمی ہوئے زخمیوں کو سول ہسپتال نوشکی منتقل کردیا گیا پولیس نے مقدمہ درج کرکے دو افراد کو گرفتار کرلیا ہے ۔ مستونگ میں پولیس نے بروقت کاروائی کرتے ہوئے تین ملزمان گرفتار کرکے مسروقہ موٹر سائیکل برآمد کرلیا ہے ۔
