کوئٹہ :پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے رہنماوں نے کہا ہے کہ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید جیسی شخصیات صدیوں میں جنم لیتی ہیںشہید بے نظیر بھٹو میں نہ صرف ملکی معاملات چلانے کی صلاحیت تھی بلکہ وہ پاکستان کا نام عالمی برادری میں اجاگر کرنے کی صلاحیتوں سے بھی مالا مال تھیں،27دسمبر کوشہید جمہوریت کی برسی کی گڑھی خدا بخش میں ہونے والی مرکزی تقریب میں بھر پورشرکت کریں گے ۔یہ بات پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر حاجی علی مدد جتک کی زیرصدارت پارٹی کے صوبائی عہدیداروں کے اجلاس سے حاجی علی مدد جتک،جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ ،سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی اوردیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہی اجلاس میں صوبائی نائب صدور شیخ بلال مندوخیل، میر اکبر بنگلزئی، ڈپٹی سیکرٹریز اطلاعات ملک ذیشان حسین، میر ریاض احمد شاہوانی، میڈیا کوآرڈینیٹر حیات خان اچکزئی اوردیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں 27 دسمبر کو شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی برسی کے تیاریوں اور جلسے میں شرکت کے حوالے سے اہم مشاورت کی گئی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ محترمہ نے جابر حکمرانوں سے مفاہمت کرنے کے بجائے عوام اور جمہوریت کی خاطر اپنی جان قربان کردی اور پاکستان کے غیور عوام ان کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حالات میں پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنان سابق صدر آصف علی زرداری اور چیرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں محترمہ کے فلسفے کو لیکر آگے بڑھ رہے ہیں انہوں نے کہاکہ محترمہ کی یاد پارٹی کارکنوں اور عوام کے دلوں میں انکی آخری سانسوں تک تازہ رہے گی اور کارکن ان کے خواب اور ان کے مشن کو شریک چیرمین آصف علی زرداری اور چیرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پایہ تکمیل کریں گے۔انہوں نے تمام ڈویژنز و اضلاع کو ہدایت جاری کی کہ وہ شہید بی بی کی برسی میں بھرپور شرکت کے لئے تیاریاں شروع کریں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کا قافلہ صوبائی صدر حاجی علی مدد جتک، جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ اور سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند خان سمیت دیگر صوبائی عہدیداروں کی قیادت میں گڑھی خدابخش پہنچے گی اور جلسے میں شرکت کریں گے۔
