کوئٹہ( اسٹاف رپورٹر+ نمائندگان + نیوز ایجنسیاں) بلوچستان کے مختلف علاقوں میں پیش آنیوالے حادثات اور واقعات میں 4 افراد جاں بحق ایک شخص کی نعش برآمد ہوئی ہے جبکہ 9 افراد زخمی ہوئے ہیں ۔ پولیس کے مطابق نصیرآباد کی تحصیل چھتر کے علاقے فلیجی میں دو گروپ میںہونے والے تصادم کے نتیجہ میں اللہ ڈنہ پیچوہا جاں بحق ہوگیا پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ کر نعش تحویل میں لیکر ضابطہ کی کاروائی کیلئے ہسپتال منتقل کردیا ۔ہفتے کے روز خضدار کے میںنویں جماعت کا طالب علم صابر گاڑی کی زد میں آکر جاں بحق ہوگیا جبکہ کوہلو میں موٹرسائیکل اور ٹریکٹر میں تصادم کے نتیجے میں ایکسپریس نیوز اور سینچری ایکسپریس کے نمائندہ زیبدار مری کا کزن حق نواز زخمی ہو گیا جسے ہسپتال منتقل کیا جارہا تھا تاہم وہ راستہ میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا، ہفتے کی دوپہر مچ کے مقامی کوئلہ کان میں کام کے دوران مٹی کا تودہ گرنے سے کان کن جاں بحق ہوگیا ۔ قلات کے نواحی علاقے گرانی سے ایک نامعلوم شخص کی نعش برآمد کرکے لیویز نے شناخت کیلئے ہسپتال منتقل کردی ڈاکٹروں کے مطابق لاش24 گھنٹے پرانی ہے مزید تفتیش لیویز کررہی ہے۔ مستونگ قو می شاہراہ پر کھڈ کو چہ کے قریب موٹر سائیکلوں میں تصادم کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہو گئے۔ قلات کے علاقے بینچہ کے قریب صوبائی مشیر میر محمد خان لہڑی کے قافلے میں شامل گاڑی بے قابو ہوکر الٹ گئی جسکے نتیجے میں گاڑی میں سوار تین افراد زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے بعد مزید علاج کیلئے کوئٹہ ریفر کردیا گیا۔نوشکی کے علاقے احمد وال کلی مسکی میں قومی شاہراہ پر رکشہ اور زمباد گاڑی میں تصادم کے نتیجہ میں رکشے میں سوار 2 افراد خیر محمد اور نادر شدید زخمی ہوگئے جبکہ ایک اور حادثہ میں موٹر سائیکل اور کارمیں تصادم کے نتیجہ میں موٹر سائیکل سوار شدید زخمی ہوگیا کلی قادر آباد میں گھر کے اندر کھڑی گاڑی کے نیچے بچہ کھیلتے ہوئے شدید زخمی ہوا ،تینوں واقعات سے متعلق پولیس اور لیویز فورس مزید تفتیش کررہی ہے۔
