اسلام آباد: سپریم کورٹ نے شوگر کمیشن کالعدم قراردینے کاسندھ ہائیکورٹ کافیصلہ معطل کردیااوروفاق کی اپیل سماعت کیلئے منظور کرلی۔عدالت نے شوگر ملز مالکان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔بدھ کے روز سپریم کورٹ میں شوگرکمیشن رپورٹ کالعدم قراردینے کے فیصلے کیخلاف وفاق کی اپیل پر سماعت ہوئی،چیف جسٹس گلزاراحمد کی سربراہی میں جسٹس مشیر عالم اور جسٹس اعجازالاحسن پر مشتمل بنچ نے سماعت کی۔جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ کمیشن میں مختلف شعبوں کے ماہرین شامل ہونے چاہئیں تھے، جس پر ا ٹارنی جنرل نے بتایا کہ رپورٹ میں سزا تجویزنہیں کرنا تھی، مزید تحقیقات محکموں نے خود کرنا تھی۔چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ایک اعتراض یہ تھا کہ کمیشن کا نوٹی فکیشن جاری نہیں ہوا تھا تو ا ٹارنی جنرل نے کہا نوٹی فکیشن جاری ہو گیا تھا ،گزٹ میں شائع تاخیر سے ہوا۔سپریم کورٹ نے شوگر کمیشن رپورٹ کالعدم قرار دینے کا سندھ ہائیکورٹ کافیصلہ معطل کرتے ہوئے کہا شوگراسکینڈل پر متعلقہ ادارے تحقیقاتی عمل جاری رکھیں گے، اس دوران سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد معطل رہے گا۔سپریم کورٹ نے 20شوگر ملز کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے کہا کہ کیس کی سماعت ایک ماہ کیلئے ملتوی کر دی






