پشاور( آن لائن)وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہزاد ارباب نے طورخم بارڈر کا دورہ کیا اور 3 ہزار سے زائد پھنسے ہوئے کنیٹنرز کے معاملے کا جائزہ لیا اور معاملے کے حل کی یقین دہانی کرائی ۔تفصیلات کے مطابق منگل کے روز وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہزاد ارباب نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوامحمود خان سے وزیراعلیٰ ہاﺅس میں ملاقات کی اور کنٹینرز کے مسائل کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی اور بعد ازاں شہزاد ارب نے طورخم بارڈر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کے خصوصی نمائندہ برائے افغانستان محمد صادق، وزارت تجارت، داخلہ، خارجہ، ایف بی آر کے سینئر افسران، آئی جی ایف سی اور ڈی جی این ایل سی بھی انکے ہمراہ تھے ۔معاون خصوصی کو پھنسے ہوئے کنٹینرز کے معاملے پر تفصیلی بریفننگ دی گئی۔ پاکستان اور افغانستان کے عوام کے مابین تعلقات اور دو طرفہ تجارت کے سلسلے میں بارڈر پر انتظامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ انہیں بتایا گیا کہ پشاور میں 3000 کے لگ بھگ برآمدی کنٹینرز پھنسے ہوئے ہیں۔ دوطرفہ تجارتی تعلقات کی بہتری کے لیے ان کی بروقت کلئیرنس ضروری ہے۔اس موقع پر، شہزاد ارباب نے کہا کہ اسلامی برادر ملک افغانستان کے ساتھ عوامی اور دوطرفہ تجارتی تعلقات میں بہتری موجودہ حکومت کے وڑن کا حصہ ہیں۔ اسی لیے، دونوں ممالک کے مابین تجارتی معاملات میں ہر طرح کی رکاوٹیں دور کرنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔تفصیلی بات چیت کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ روزانہ کی بنیادوں پر 800 کنٹینرز کو کلئیر کیا جا?گا تاکہ جلد ازجلد یہ معاملہ حل ہو سکے۔تمام سٹیک ہولڈرز نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ افغانستان کے لیے برآمدات میں اضافہ کیا جانا چاہیے اور اس سلسلے میں تجارتی عمل کو بہتر بنایا جائے۔
